ابوبکر ارشد:شہر میں مرغی، گوشت اور انڈوں کی قیمتوں پر سرکاری نرخوں پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث شہریوں کو سستا پروٹین بھی مہنگے داموں خریدنا پڑ رہا ہے۔
مارکیٹ سروے کے مطابق مرغی کے گوشت کا سرکاری ریٹ 490 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں برائلر گوشت 25 سے 30 روپے اضافی قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے۔ پرچون مارکیٹ میں مرغی کا گوشت 497 روپے کے بجائے 520 سے 530 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔
اسی طرح چھوٹا گوشت، جس کی سرکاری قیمت 1600 روپے فی کلو مقرر ہے، اوپن مارکیٹ میں 2400 سے 2800 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔ بڑا گوشت بھی سرکاری نرخ 800 روپے کے مقابلے میں 1000 سے 1200 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔
فارمی انڈوں کی سرکاری قیمت 245 روپے فی درجن مقرر ہے، تاہم مختلف مارکیٹوں میں یہ 250 سے 255 روپے فی درجن فروخت کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائے، ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کرے اور مرغی، گوشت اور انڈوں کی فروخت سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق یقینی بنائی جائے۔