علی ساہی:وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں جاری 100 ارب روپے کے سیلاب بحالی پروگرام کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں نجی اور مستند کمپنی کو آڈٹ کا ٹاسک دیا جائے گا۔
حکام کے مطابق پارٹی ویلیڈیشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے جبکہ تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کسی تجربہ کار اور معتبر کمپنی سے کرائی جائے گی تاکہ منصوبوں کا غیرجانبدارانہ جائزہ لیا جا سکے۔
آڈٹ کے دوران منصوبوں کے مالی امور، فنڈز کے استعمال، معیارِ تعمیر اور تکنیکی پہلوؤں کا آزادانہ اور شفاف معائنہ کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ سیلاب متاثرین تک امدادی رقوم اور سہولیات کی بروقت اور منصفانہ فراہمی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
تھرڈ پارٹی آڈٹ کا طریقہ کار اور ٹائم لائن جلد طے کی جائے گی، جبکہ اس عمل کی نگرانی (پی ڈی ایم اے) کرے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ آڈٹ کا بنیادی مقصد فنڈز کی ترسیل میں شفافیت، جوابدہی کو یقینی بنانا اور عوامی اعتماد کو مزید مضبوط کرنا ہے۔