(سٹی 42) اقوام متحدہ کےسیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ماحولیاتی آلودگی کو آج کے دور کا بڑا مسئلہ قرار دیدیا، کہتے ہیں کہ موسمیاتی تبدیلیوں کو مدنظر رکھ کر منصوبے بنانا ہوں گے۔
سیکرٹری جنرل اقوامِ متحدہ انتونیو گوتریس نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) میں طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 21 ویں صدی میں نوجوانوں کا اقوام متحدہ میں اہم کردار ہو گا، آج کے دور میں 2 قسم کی رائے پائی جاتی ہے، کچھ نوجوان سمجھتے ہیں کہ 50سال پہلے کا دور اچھا تھا، کچھ سمجھتے ہیں کہ آج کا دور سابقہ دور سے اچھا ہے، نوجوان کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہوگا، مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے نصاب میں تبدیلی کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ امن کے لئے پاکستان کی قربانیوں کوفراموش نہیں کرسکتے، محفوظ دنیا کیلئے پاکستان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔
ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور وزیر صحت ڈی ایچ اے میں بحوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے، جس کے بعد گوردوارہ کرتار پور کا دورہ اور ظہرانہ میں شرکت کریں گے، یو این کے سیکرٹری جنرل بادشاہی مسجد، شاہی حمام، سمر پیلیس، شیش محل اور حضوری باغ کا دورہ بھی کریں گے،سیکرٹری جنرل کو اعزازی طور پر ایم سی ایل کی جانب سے آج شہر لاہور کی چابی کا تحفہ پیش کیا جائے گا،یو این کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کے اعزاز میں حضوری باغ میں عشائیہ بھی دیا جائے گا، جہاں مختلف ثقافتی رقص بھی پیش کیے جائیں گے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے دورہ پاکستان سےمتعلق عالمی تجزیہ کاروں کا کہنا ہےکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے دورےکا وقت انتہائی اہم ہے، یہ دورہ خطے اور عالمی سطح پر پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنےکی علامت ہے۔