طاہر جمیل:ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹرز کی جانب سے زائد کرایوں کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے.
جس پر مسافروں کی جانب سے شدید شکایات سامنے آ رہی ہیں, زائد کرایوں کی وصولی میں لاہور کے ٹرانسپورٹرز پہلے نمبر پر رہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق لاہور میں نئے کرایہ نامے کی خلاف ورزیوں کی متعدد رپورٹس موصول ہوئیں۔ گزشتہ روز شہر میں زائد کرایوں کی وصولی پر 24 چالان کیے گئے، خلاف ورزی پر 4 گاڑیاں بند کی گئیں جبکہ 23 ہزار 500 روپے جرمانے عائد کیے گئے۔
صوبہ بھر میں کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 225 گاڑیوں کے چالان کیے گئے، اوورچارجنگ پر 5 لاکھ 41 ہزار 500 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ کرایہ نامے کی خلاف ورزی پر 91 گاڑیاں بند بھی کی گئیں۔
سیکرٹری ٹرانسپورٹ کے مطابق عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے زیرو ٹالیرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری رہے گا اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔