محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور آصف علی زرداری کی شادی کی آج 36 ویں سالگرہ ہے

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: پاکستان کی سابق وزیراعظم  پیپلز پارٹی کی شہید چئیرپرسن محترمہ بینظیر بھٹو  اور سابق صدر آصف علی زرداری کی شادی کی 36 ویں سالگرہ ہے۔

پاکستان میں عوام کی زندگیوں پر سب سے زیادہ گہرے اور ہمہ گیر اثرات مرتب کرنے والی، پاکستانی سیاست کی سب سے نمایاں ہستی محترمہ بینظیر بھٹو اور  بعد میں ملک کے صدر بن جانے والے نوجوان آصف علی زرداری کی شادی 18 دسمبر 1987 کو ہوئی تھی۔  یہ ایک روایتی ارینجڈ میرج تھی، آصف علی زرداری کے والد حاکم زرداری نے محترمہ بینظیر بھٹو کی والدہ سے عام سماجی طریقہ کار کے مطابق محترمہ بینظیر بھٹو کا رشتہ مانگا تھا اور انہوں نے ایک ماں کی طرح گہرا تفکر کرنے کے بعد اس رشتہ پر ہاں کہ دی تھی۔

 بینظیر بھٹو اور آصف علی زرداری کی شادی پاکستان کی تاریخ کا ایک بڑا سماجی ایونٹ ہونے کے ساتھ سیاسی ایونٹ بھی بن گئی تھی۔ کراچی میں لیاری کی ککری گراونڈ میں ہونے والی اس شادی کی تقریب میں ملک بھر سے جیالوں اور چنیدہ سماجی شخصیات نے شرکت کی ہی تھی، سندھ، لیاری اور کراچی بھر کے جیالوں نے بھی اس تقریب کی خوشیاں گھر گھر میں منائیں، ککری گراؤنڈ کے اطراف کی تمام عمارتوں کو مقامی شہریوں نے اپنے طور پر چراغاں کر کے دلہن دولہا کے گھر کی طرح سجایا تھا اور  علاقہ کے لوگوں نے روایتی بلوچی لباس زیب تن کر کے خوب رقص کئے تھے۔ 

تقریب ختم ہونے سے پہلے بے نظیر بھٹو نے مائک ہاتھ میں لیا اور باراتیوں کا شکریہ ادا کرنے کے لئے تقریر شروع کردی تو آصف علی زرداری  عوام کے ہجوم میں پہلی مرتبہ ان کے ساتھ محافظ  بن کر کھڑے ہوئے تھے۔ے نظیر بھٹو نے دلہن کے روپ میں جیالوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر دلہن کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا باپ اسے رخصت کرے لیکن میں خوش ہوں کہ آپ سب میرے ساتھ ہیں اور اپنی دعاوں میں مجھے رخصت کررہے ہیں۔میں آپ سے وعدہ کرتی ہوں کہ یہ نہ سوچئیے گا کہ میں دلہن بن کر چلی جاؤں گی اور آپ سے دور ہوجاؤں گی ،ایسا کبھی نہیں ہوگا ،میں آپ کے ساتھ ہی جیؤں گی مروں گی۔