گیس صارفین کیلئے خوشخبری

گیس صارفین کیلئے خوشخبری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( شاہد ندیم ) سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن نے گھریلو صارفین کو کنکشن دینے کی مدت میں چھ ماہ کی توسیع کا فیصلہ کر لیا۔ 

سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن نے گھریلو صارفین کو جولائی دو ہزار سترہ تک کنکشن دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس وقت جنوری دو ہزار سترہ تک جمع درخواستوں پر ڈیمانڈ نوٹس جاری کئے جا رہے ہیں جبکہ توسیع کے بعد جولائی دو ہزار سترہ تک جمع ہونے والی درخواستوں پر ڈیمانڈ نوٹس کا اجراء ہوگا اور معمول کے ڈیمانڈ نوٹس پر چھ ہزار روپے کی ادائیگی پر کنکشن دیا جائیگا۔

واضح رہے کہ اوگرا کی جانب سے تین لاکھ کنکشنز کا کوٹہ ملنے پر مزید توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمپنی نے رواں سال کوٹہ کے مطابق کنکشن لگا لئے ہیں جس کی وجہ سے مزید کنکشن لگا کر صارفین کو گیس فراہم کی جائیگی۔

دوسری جانب شہر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے جس کی وجہ سے سوئی ناردرن گیس کمپنی صارفین تک گیس پہنچانے میں ناکام نظر آرہی ہے، شہر کے بیشتر علاقوں میں گیس کی شدید کمی کی وجہ سے صارفین کے چولہے ٹھنڈے پڑ رہے ہیں اور شہریوں کو کھانا پکانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن نے رات نو بجے سے شہر میں گیس بندش کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جبکہ صبح سات بجے بحال کی جا رہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کمپنی گیس کم ہونے کی وجہ سے رات بھر سسٹم کو "پیک" کرتی ہے جس کے بعد بحال کرنے صارفین تک سپلائی دی جاتی ہے، بندش نہ کرنے کی وجہ سے صارفین تک گیس کی فراہمی ناممکن نظر آ رہی ہے۔