سٹی 42 : المیزان فاؤنڈیشن کے ایڈوائزری بورڈ نے انتظامی کمیٹی کی ازسر نو تشکیل کی منظوری دے دی۔
چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی کی زیر صدارت المیزان فاؤنڈیشن ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس ہوا۔ اس اجلاس میں تمام ہائیکورٹس کے چیف جسٹسز نے شرکت کی۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ایڈوائزری بورڈ نے انتظامی کمیٹی کی ازسر نو تشکیل کی منظوری دی، سات ریٹائرڈ ججز انتظامی کمیٹی میں شامل ہیں، جسٹس ر مشیر عالم انتظامی کمیٹی کے چیئرمین مقرر کیے گئے ہیں۔ چیئرمین و دیگر اراکین اعزازی طور پر خدمات انجام دیں گے ۔
جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ المیزان فاؤنڈیشن 1995 سے عدالتی عملے اور اہل خانہ کی فلاح کیلئے سرگرم ہے، اب تک 31 ملین روپے سے زائد کی مالی امداد تقسیم کی جاچکی ہے۔ 27 طلباء کی انجینئرنگ و میڈیکل تعلیم کے اخراجات فاؤنڈیشن نے اٹھائے۔ فاؤنڈیشن عدلیہ سے منسلک افراد کی صحت، تعلیم اور ہنگامی امداد کیلئے ہے۔