ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کے خلاف مقدمات سے متعلق درخواست نمٹا دی ،وفاقی اور پولیس رپورٹ کے مطابق عالیہ حمزہ کے خلاف پنجاب میں 21 مقدمات درج جبکہ وفاقی سطح پر کوئی کیس نہیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عالیہ حمزہ کے خلاف درج مقدمات سے متعلق دائر درخواست نمٹا دی۔ جسٹس سردار اکبر علی ڈوگر نے کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران پنجاب حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد فرخ خان لودھی عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ عالیہ حمزہ کے خلاف مقدمات کی تفصیلی رپورٹ سابقہ تاریخ پر ہی جمع کروائی جا چکی ہے۔عالیہ حمزہ کے وکیل نے بھی پولیس رپورٹ کی کاپیاں عدالت سے وصول کر لیں۔ پنجاب پولیس کی جانب سے جمع کروائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ عالیہ حمزہ کے خلاف صوبے کے مختلف اضلاع میں کل 21 مقدمات درج ہیں۔ ان میں لاہور میں 3 مقدمات،قصور میں 7 مقدمات ،گوجرانوالہ میں 1 مقدمہ ،،راولپنڈی میں 4 مقدمات ،میانوالی میں 2 مقدمات جبکہ فیصل آباد میں 4 مقدمات شامل ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ انٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ میں عالیہ حمزہ کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں۔وفاقی حکومت کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق عالیہ حمزہ کے خلاف وفاقی سطح پر کوئی مقدمہ درج نہیں۔تمام رپورٹس جمع ہونے اور وکلاء کے دلائل سننے کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے عالیہ حمزہ کی دائر کردہ درخواست نمٹا دی۔
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App