ویب ڈیسک:سابق وزیر اعظم عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی۔
اسلام آباد کے پمز اسپتال (پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز) کے مطابق شہباز گل کی طبیعت تسلی بخش ہے ، انہیں دل کی تکلیف نہیں ہے۔چار سینئر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے شہبازگل کا طبی معائنہ کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ شہباز گل کو بچپن سے سانس کا مسئلہ ہے اور ضرورت پڑنے پر برونکڈیلٹر استعمال کرتےہیں، انہیں سانس لینے میں مسئلہ ہے اور جسم میں کندھے، گردن اور چھاتی کے بائیں جانب درد محسوس کررہے ہیں۔
ڈاکٹرز نے کہا کہ شہباز گل کی گزشتہ رات ای سی جی رپورٹ بہتر نہ تھی ، ان کے دل کی دھڑکنیں رات تیز تھی ،بعض اوقات بے چینی بڑھنے سے بھی دل کی دھڑکنیں تیز ہو جاتی ہیں اور سانس لینے میں مشکلات آجاتی ہیں، دوبارہ ای سی جی کی جائے گی۔
پمز میڈیکل بورڈ نے رپورٹ میں سفارش کی کہ ملزم کی صحت کے لحاظ سے اس کا مزید معائنہ کرنا ہوگا۔ تفتیش افسر نے میڈیکل رپورٹ اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں جمع کرادی۔