طلحہ اشرف: آبنائے ہرمز کھلنے کے بعد ایل پی جی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کا رجحان سامنے آیا ہے، تاہم سرکاری نرخ اور مارکیٹ ریٹ کے درمیان واضح فرق بدستور برقرار ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 20 روپے کی کمی ہوئی ہے۔
اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 304 روپے فی کلو مقرر ہے جبکہ شہر میں ایل پی جی 460 سے 550 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہری گیس کی بندش کے باعث مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگی ایل پی جی سے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے جبکہ انھوں نے گیس کی لوڈشیڈنگ کےفوری خاتمہ کا بھی مطالبہ کیا۔
دوسری جانب قدرتی گیس کی محدود فراہمی کے باعث سوئی سدرن گیس کمپنی دن کے مختلف اوقات میں گیس سپلائی کر رہی ہے، جس سے گھریلو اور کمرشل صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
گیس کی قلت کے نتیجے میں ایل پی جی کی طلب میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، خصوصاً ہوٹل انڈسٹری میں اس کا استعمال بڑھ گیا ہے۔
مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے باوجود سرکاری نرخوں پر عملدرآمد نہ ہونے کا مسئلہ برقرار ہے۔
حکام کے مطابق ایل پی جی کی مقررہ قیمت پر فروخت کو یقینی بنانا صوبائی انتظامیہ اور ضلعی کمشنرز کی ذمہ داری ہے، تاہم اس پر مکمل عملدرآمد میں ناکامی سامنے آ رہی ہے۔
ادھر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے رجحان پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے، جس کا بالواسطہ اثر مقامی توانائی مارکیٹ پر پڑ سکتا ہے۔