جوہر ٹاؤن(زین مدنی) پاکستان کے مقبول اداکار عمران عباس جو ان دنوں ترکی سے رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کررہے ہیں اب انہوں نے قصیدہ بردہ شریف پڑھا ہے جس کی ویڈیو ریلیز ہوتے ہی مقبول ہوگئی۔
عمران عباس نے قصیدہ بردہ شریف پڑھنے اور اس کی ویڈیو شیئر کرنے سے متعلق اعلان اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کیا، انہوں نے اپنی پوسٹ میں قصیدہ بردہ شریف کی ویڈیو ریلیز کرتے ہوئے بتایا کہ 'اپنے یوٹیوب چینل کے آغاز کے ساتھ یہ میری پہلی ویڈیو ہے جس کی ہدایات میں نے خود دی ہیں۔
اپنی پوسٹ میں عمران عباس نے لکھا کہ 'اب وہ اپنے مداحوں کی حمایت اور سپورٹ کے منتظر ہیں، 'ماہِ رمضان میں حضرت محمد ۖ کے لیے قصیدہ بردہ شریف پیش کرنے سے بہتر کیا ہوسکتا ہے'۔
قصیدہ بردہ شریف کی اس ویڈیو کی ہدایات عمران عباس نے خود دی ہیں۔اس ویڈیو کی فوٹوگرافی کی ہدایات میٹن سیوندک نے دی ہیں جبکہ اسے ویولو فلمز اور بزپال ٹورزم استنبول کے تعاون سے فلمایا گیا، قصیدہ بردہ شریف کی یہ ویڈیو ترکی کے شہر استنبول میں فلمائی گئی ۔
View this post on Instagram
خیال رہے کہ اداکار عمران عباس ان دنوں 'بارانِ رحمت' کے نام سے رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی کررہے ہیں جسے ای میکس میڈیا پروڈکشنز کی جانب سے پروڈیوس کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں اس سے قبل انسٹاگرام سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تصاویر بھی گردش کررہی تھیں جن میں وہ ڈراما سیریز 'دیریلیش ارطغرل' کے اداکاروں سے ملاقاتیں کرتے بھی نظر آئے تھے۔
واضح رہےکہ دو روز قبل گلوکار عاطف اسلم نے بھی ماہ رمضان کی مناسبت سے ”سلام عاجزانہ ” ریلیز کیا جسے مداحوں نے بہت سراہا۔