عمران اسلم: پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے تیاریاں شروع کرتے ہوئے پولنگ اسٹاف کے لیے افسران اور ملازمین کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔
الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ اسٹاف کے طور پر ڈیوٹی سرانجام دینے والے ملازمین کا ڈیٹا مانگا ہے اس حوالے سے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے فیصل آباد کے 118 سرکاری محکموں کو مراسلے جاری کرتے ہوئے پولنگ اسٹاف کے لیے افسران اور ملازمین کی تفصیلات ارسال کرنے کے احکامات دیے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے کمشنر، ڈپٹی کمشنر، لوکل گورنمنٹ، کمیونیکیشن اینڈ ورکس (سی اینڈ ڈبلیو) اور ضلع کونسل سمیت مختلف محکموں کو مراسلے جاری کیے گئے ہیں بلدیاتی انتخابات کے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بھی کمشنر، ڈپٹی کمشنر، سی پی او اور آر پی او کو مراسلے جاری کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس سمیت ضلعی و صوبائی محکموں کے افسران کو بھی مراسلے ارسال کیے ہیں مراسلوں کے مطابق تمام متعلقہ محکمے پولنگ اسٹاف کے لیے درکار ڈیٹا الیکشن کمیشن کو فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔