(ویب ڈیسک)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ،حکومت نے سوا سال میں پیٹرولیم مصنوعات 159.44 فیصد تک مہنگی کیں،عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں 88.75 فیصد اضافہ ہوا۔
تفصیلات کےمطابق پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی رپورٹ سامنے آگئی،حکومت نے سوا سال میں پیٹرولیم مصنوعات 159.44 فیصد تک مہنگی کیں،جون 2020 سے اب تک پیٹرولیم مصنوعات56 روپے70 پیسے فی لیٹر تک مہنگی ہوئی جبکہ عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں 88.75 فیصد اضافہ ہوا۔
اسی عرصے میں مٹی کے تیل کی قیمت 159.44 فیصد بڑھی،لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 137.78 فیصد اضافہ کیا گیا،پیٹرول 65.46 اور ہائی اسپیڈ ڈیزل49.77 فیصد مہنگا کیا گیا،جون 2020 سے اب تک پیٹرول 48 روپے 78 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا۔
پیٹرول کی قیمت 74روپے 52 پیسے سے 123روپے 30 پیسے فی لیٹر ہوگئی،اسی عرصے میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 39 روپے 89 پیسے فی لیٹر بڑھی،ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 80 روپے 15 پیسے سے 120روپے 04 پیسے لیٹر ہوگئی اسی طرح لائٹ ڈیزل 52 روپے 55 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا۔
علاوہ ازیں لائٹ ڈیزل کی قیمت 38 روپے 14 پیسے سے 90 روپے 69 پیسے فی لیٹر ہوگئی،مٹی کے تیل کی قیمت میں 56 روپے 70 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا،مٹی کے تیل کی قیمت 35 روپے 56 پیسے سے 92 روپے 26 پیسے فی لیٹر ہوگئی،جون 2020 سے اب تک عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت 88.75 فیصد بڑھی جبکہ اسی عرصے میں خام تیل کی قیمت 40 ڈالر سے 75.50 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔