شہزاد خان: آل پاکستان موبائل ایسوسی ایشن کے وفد کی صدر بابر محمود کی قیادت میں وفاقی وزیر ریونیو حماد اظہر سے ملاقات، 20 اکتوبر کو غیر رجسٹرڈ موبائل فون کی بندش کا خطرہ ٹل گیا، ہال روڈ کے تاجروں نے بھرپور جشن منایا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کی جانب سے 20 اکتوبر کو غیر رجسٹرڈ موبائل فونز کی بندش کا اعلان کیا گیا، اسی حوالے سے آل پاکستان موبائل ایسوسی ایشن کے وفد نے صدر بابر محمود کی قیادت میں اسلام آباد میں وفاقی وزیر ریونیو حماد اظہر اور چیئرمین ایف بی آر سے ملاقات کی جو حوصلہ افزا رہی، جس پر ہال روڈ پر موبائل فون کی تجارت سے وابستہ تاجروں نے بھرپور جشن منایا۔
صدر بابر محمود نے سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 20 اکتوبر کو غیر رجسٹرڈ موبائل فونز کی بندش کا خطرہ ٹل گیا ہے، طے یہ پایا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی تاجروں کی مشاورت سے پالیسی مرتب کرے گا جس کے بعد تاجر موبائل فونز رجسٹرڈ کرائیں گے۔
تاجروں نے کہا کہ درآمدی اور لوکل اسمبلنگ فونز کی ڈیوٹی یکساں کی جائے تو تاجر موبائل فونز رجسٹرڈ کرانے کے لئے تیار ہیں۔