افشاں رضوان: پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی لطیف کھوسہ کے بیٹے بلخ شیر کھوسہ کی رہائش گاہ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔
درخواست کے مطابق دو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گھر کے باہر فائرنگ کی، جبکہ دو مسلح افراد نے مبینہ طور پر گھر میں داخل ہونے کی بھی کوشش کی۔ بلخ شیر کھوسہ کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ رات جب گھر پہنچے تو حملہ آوروں نے انہیں نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
متاثرہ فریق نے تھانہ ڈیفنس سی میں درخواست جمع کرا دی ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے وکیل ہیں، لہٰذا انہیں اور ان کے اہلِ خانہ کو فوری سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
درخواست میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں، اس سے قبل 2023 میں بھی مسلم ٹاؤن کے علاقے میں بلخ شیر کھوسہ پر فائرنگ کی گئی تھی جس میں وہ زخمی ہوئے تھے۔ حالیہ واقعے نے ان کی سیکیورٹی سے متعلق خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ملزمان کی تلاش کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔