عبدالشہید پراچا: مالاکنڈ کے پہاڑی سلسلے میں لگی آگ پانچویں روز میں داخل ہو گئی ہے اور تاحال قابو نہیں پایا جا سکا۔ آگ کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث یہ تقریباً 12 کلومیٹر تک پھیل چکی ہے۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق آگ نے تھانہ نوگران شکارو، گنیار اور آلہ ڈھنڈ ڈھیری کے پہاڑی علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ آگ بجھانے کی کارروائی میں ریسکیو 1122، لیویز فورس اور مقامی افراد حصہ لے رہے ہیں تاہم دشوار گزار راستوں اور شدید گرمی کے باعث اہلکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ریسکیو ترجمان کا کہنا ہے کہ آگ سے جنگلات اور جنگلی حیات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے اور مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب مقامی آبادی نے صوبائی حکومت سے فوری طور پر ہیلی کاپٹر آپریشن شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ آگ پر بروقت قابو پایا جا سکے اور مزید نقصان سے بچا جا سکے۔
اب تک کی اطلاعات کے مطابق آگ کے پھیلاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ریسکیو ٹیمیں بھرپور جدوجہد میں مصروف ہیں۔