علی ساہی: صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا کی خاتون پولیس آفیسر اے ایس پی انعم شیر خان نے بین الاقوامی ایوارڈ جیت لیا, اے ایس پی انعم شیر خان نے کریمنل انویسٹی گیشن ایوارڈ 2025 اپنے نام کر لیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کمانڈر ان چیف دبئی پولیس نے ورلڈ ٹریڈ سنٹر دبئی میں منعقدہ تقریب میں اے ایس پی انعم شیر خان کو بین الاقوامی ایوارڈ سے نوازا, آئی جی پنجاب کا کہنا ہے پنجاب پولیس کے افسران کا عالمی سطح پر اعزازات کیلئے منتخب ہونا پاکستان پولیس سروس کیلئے فخر کی بات ہے۔
اے ایس پی انعم شیر خان کو کریمینل انوسٹی گیشن میں شاندار کارکردگی Excellence in Criminal Investigation Award 2025 کیٹیگری میں اول پوزیشن حاصل کرنے پر ایوارڈ دیا گیا،کمانڈر ان چیف دبئی پولیس نے ورلڈ ٹریڈ سنٹر دبئی میں منعقدہ تقریب میں اے ایس پی انعم شیر خان کو بین الاقوامی ایوارڈ سے نوازا.
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا تھا کہ ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈز کیلئے 192 ممالک کے پولیس افسران کی مختلف کیٹیگریز میں غیر معمولی کارکردگی زیر غور آئی،اے ایس پی انعم شیر خان ملک بھر کی نمائندگی کرتے ہوئے اول پوزیشن حاصل کرکے پولیس سمٹ ایوارڈ کے لئے منتخب ہوئیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی اے ایس پی انعم شیر خان کو دنیا بھر میں پاکستان اور پنجاب پولیس کا نام روشن کرنے پر مبارکباد اور شاباش،پنجاب پولیس کے افسران کا عالمی سطح پر اعزازات کیلئے منتخب ہونا پاکستان پولیس سروس کیلئے فخر کی بات ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ اے ایس پی انعم شیرخان جیسی باصلاحیت افسران مستقبل میں پولیس لیڈر شپ کیلئے اہم رول ادا کریں گی،ورلڈ پولیس سمٹ دنیا بھر میں پولیس لیڈرز کے حوالے سے سب سے بڑی، موثر اور پروفیشنل تنظیم ہے، دنیا بھر سے ہر سال اپنے اپنے شعبوں میں تعمیر وترقی، قائدانہ کردار کے مالک پولیس افسران کا انتخاب کیا جاتا ہے۔
ایوارڈز کمیٹی نے سخت ترین سکروٹنی، انٹرویو کے بعد پنجاب پولیس کے 2 افسران کو ایوارڈ ونرز کے طور پر شارٹ لسٹ کیا تھا، ورلڈ پولیس سمٹ دنیا بھر میں مختلف کمیونٹی کے لوگوں کے تحفظ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے نظریہ پر کاربند ہے،
ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خان کو "پولیسنگ میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے بہترین استعمال Best Artificial Intelligence Implementation in Policing Award کیٹیگری میں اعلی کارکردگی پر دوسری پوزیشن کا حقدار قرار دیا گیا۔
ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انعم خان نے کہا کہ "یہ پاکستان اور پنجاب پولیس کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے۔ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں اپنے ملک کی نمائندگی کر رہی ہوں اور یہ ثابت کر رہی ہوں کہ ہم نہ صرف امن و امان برقرار رکھ سکتے ہیں بلکہ عالمی معیار کی پولیسنگ کے قابل بھی ہیں۔ یہ ایوارڈ میری پوری ٹیم اور ہماری اقدار کو خراجِ تحسین ہے۔"
انعم خان کو یہ اعزاز پنجاب کے دو اہم قتل کیسز کو کامیابی سے حل کرنے پر دیا گیا۔
پہلے کیس میں، انعم خان نے 12 سالہ گھریلو ملازمہ عائشہ بی بی کے قتل کی تفتیش کی، جسے بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا۔ ان کی نگرانی میں سرگودھا پولیس نے محض 72 گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔
دوسرے کیس میں، انعم خان نے نوجوان محسن کے قتل میں ملوث افراد کی گرفتاری صرف 24 گھنٹوں میں ممکن بنائی تھی ۔ انعم خان کو پنجاب پولیس کی جانب سے تعریفی اسناد اور اعزازات دیے جاچکے ہیں۔