(عثمان علیم) ٹرانسپورٹرز نے حکومتی ایس او پیز پر ٹرانسپورٹ چلانے سے انکار کردیا،لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ٹرانسپورٹرز نے بیس فیصد کرایوں میں کمی کا فیصلہ قبول کرلیا، ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے تحریری طور پر آگاہ نہیں کیا جارہا،حکومت ٹول ٹیکس کی شرح میں کمی کرے.دوسری جانب پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز نےکرایوں میں25 سے تیس فیصد کمی کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ٹرانسپورٹرز نے کہا کہ حکومتی ایس او پیز پر ٹرانسپورٹ نہیں چلا سکتے جبکہ ٹرانسپورٹرز نے بیس فیصد کرایوں میں کمی کا فیصلہ قبول کرلیا، ٹرانسپورٹرز کا کہناتھا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے تحریری طور پرآگاہ نہیں کیا جا رہا، اب ہم کو پچاس فیصد مسافروں کے ساتھ بسیں چلانے پر مجبور کیا جا رہا ہے ۔ باقی ایس او پیز پر بھی ہم کو آگاہ نہیں کیا گیا پنجاب حکومت کی جانب سے کوئی بھی ایس او پی ہم کو تحریری طور پر نہیں دیے جا رہیں ہیں۔
دوسری جانب پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز نےڈیزل کی قیمتوں میں کمی کےباعث کرایوں میں25 سے تیس فیصد کمی کا اعلان کیا،حکومت سے مارکیٹ میں اشیاء کی قیمتوں میں بھی کمی کا مطالبہ کر دیا۔جنرل سیکرٹری پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن طارق نبیل کا کہنا ہےکہ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے کرایوں میں 25 سے30 فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے،،حکومت کرایوں میں کمی کے پیش نظرمارکیٹوں میں اشیاء کی قیمتوں میں کمی کرائے،تاکہ عام عوام کو کرایوں میں کمی کا حقیقی فائدہ پہنچ سکے،،ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کےباعث عوامی مفاد کے پیش نظر گڈز ٹرانسپورٹرز نے خود ساختہ طور پر کرایوں میں 30 فیصد تک کمی کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انٹر سٹی اور انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔ مسافروں کے لئے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان بھی کر دیا گیا جبکہ آن لائن ٹیکسی و ٹرانسپورٹ سروس بھی کھولنے کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے، تاہم پبلک ٹرانسپورٹ کو وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا۔