(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کی متنازعہ ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کا کہنا ہے کہ اگر وہ ٹک ٹاک اسٹار نہ ہوتی تو استاد ہوتی، سیاست میں بالکل بھی دلچسپی نہیں ہے، بے نظیر بھٹو، بلاول بھٹو زرداری، شاہ محمود قریشی اور عمران خان بہت پسند ہیں، اچھے لوگ کسی بھی پارٹی کے ہوں ان کی تعریف کی جانی چاہیے، (ن) لیگ میں بھی کچھ ایسے لوگ ہیں جو اچھا کام کرتے ہیں۔
ایک ویب سائٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں ٹک ٹاک اسٹار کا کہنا تھا کہ وہ بہت صاف گو ہیں، ان کے خلاف منفی اور جھوٹا پروپیگنڈا ہوتا رہتا ہے، جتنی بھی ویڈیوز بنائیں وہ متنازعہ نہیں تھیں بس ان کو ایک خاص قسم کا رنگ دیا گیا,اس بات کا بالکل بھی اندازہ نہیں تھا کہ ٹک ٹاک سے اتنی شہرت ملے گی، ٹک ٹاک اسٹار بننے کے بعد والدین ناراض تھے کیونکہ خاندان میں کوئی بھی لڑکی پہلے میڈیا میں نہیں آئی تھی، اس سے والدین ضرور دل گرفتہ تھے لیکن اب وہ مجھ سے راضی ہیں۔
شادی کے حوالے سے حریم شاہ نے کہا کہ شادی بہت ہی خوبصورت بندھن ہے اس کو کیوں چھپائیں، نکاح سنت اور مسنون چیز ہے، جب بھی شادی کروں گی، اس کو نہیں چھپاؤں گی، جو میرا شوہر ہوگا وہ سب کے سامنے ہوگا، میں علانیہ نکاح کروں گی۔
وزرات خارجہ کے کمیٹی روم میں بنائی گئی ویڈیو کے تنازع پر حریم شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے مرحوم رہنما نعیم الحق کے ساتھ بہت اچھا تعلق تھا، وہ نہ صرف ایک اچھے لیڈر تھے بلکہ ایک بہت ہی اچھے دوست اور انسان بھی تھے لیکن وزرات خارجہ کے کمیٹی روم تک پہنچنے میں ان کا کوئی کردار نہیں تھا، وزارت خارجہ کے ہی لوگوں سے اس کی اجازت لی تھی۔
تحریک انصاف سے تعلق کے حوالے سے حریم شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی بہت بڑی حمایتی ہوں، عمران خان کو دلیر لیڈر سمجھتی ہوں، عمران خان کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر تصویر بنانا میری خوش قسمتی ہے، ان سے گفتگو کرنے اور قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔