ذاتی رنجش پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

ذاتی رنجش پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( فخر امام، فہد ) سمن آباد میں ذاتی رنجش پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق،  دوسرا شدید زخمی ہوگیا، ادھر کینٹ کچہری کے باہر مخالفین پولیس کے زیر حراست دو ملزمان پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق  صوبائی دارالحکومت میں ڈاکے، چوریاں، قتل،زیادتی جیسی وارداتیں کم ہونے کی بجائے بڑھ رہیں ہیں جس کی وجہ سے شہر کا سکون تباہ وبرباد ہوکررہ چکا ہے ہر نیا طلوع ہونے والاسورج شام کو غروب ہوتے کئی جانوں کو ساتھ لے جاتا ہے کئی گھروں کی خوشیاں ماتم میں بدل جاتی ہیں۔

لرزہ خیزوارداتوں میں اضافے کی وجہ سے لوگوں میں خوف وہراس کی فضا نےاپنےاثرات مرتب کئے ہوئے ہیں۔ چوری وڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں شہریوں سے لاکھوں روپے، زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں سمیت دیگر قیمتی سامان سے محروم ہورہے ہیں۔

سمن آباد کے علاقے پنج پیر روڈ پر  افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں چارافراد نے اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کی زد میں آکر عدنان اور یاسر نامی شہری زخمی ہوگئے، زخمیوں کو سروسز ہسپتال متنقل کیا گیا جہاں یاسر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ عدنان شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ ہے، البتہ تحقیقات کی جارہی ہیں جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

دوسری جانب چوہنگ کے علاقے میں نہر سے نامعلوم نوجوان کی لاش برآمد ہوئی، پولیس نے شناخت کے لیے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔

پولیس کے مطابق 30 سالہ نوجوان کی لاش چوہنگ میں نہر سے برآمد ہوئی، البتہ لاش کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔ ابتدائی تحقیقات میں جسم پر تشدد کے نشانات نہیں ملے، لاش کو مردہ خانے منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شناخت کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

ادھر برکی پولیس نے ملزم علی نوازعرف بھولا کو اقدام قتل کے مقدمہ میں چار روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد کینٹ کچہری میں پیش کرنا تھا کہ کچہری کے باہر دوسری پارٹی نے فائرنگ کردی۔

 ملزم علی نواز فائرنگ سے شدید زخمی ہو گیا جبکہ حسن علی نامی ملزم معمولی زخمی ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں گروپوں میں ذاتی دشمنی کے باعث فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، زخمی ملزمان کو علاج معالجے کے لیے سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔