طاہر جمیل:رمضان نگہبان پروگرام کے تحت مستحق افراد میں کارڈز کی تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے، جبکہ اب تک 93 فیصد سے زائد کارڈز مستحقین تک پہنچا دیے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ضلع میں 1 لاکھ 6 ہزار سے زائد مستحقین میں کارڈز تقسیم کیے جا رہے ہیں، جبکہ شہر میں 99 ہزار سے زائد مستحق خاندانوں کو کارڈز کی ترسیل مکمل کر لی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بعض کارڈز غلط یا نامکمل رابطہ نمبرز کی وجہ سے واپس موصول ہوئے ہیں، تاہم بقیہ تمام کارڈز کی مستحقین تک فوری اور شفاف ترسیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ کارڈز کی تقسیم کے عمل میں مکمل شفافیت برقرار رکھی جائے اور مستحقین کو رقم نکلوانے میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔
مزید برآں شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے بھی متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ مستحق افراد کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔