عرفان ملک:سبزہ زار اورنج ٹرین اسٹیشن کے قریب تین افراد کو مبینہ طور پر آگ لگانے کے بعد فرار ہونے والی ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس اور ترجمان کے مطابق گزشتہ روز پیش آنے والے واقعے میں ملزمہ نے تین افراد،خاتون ثناء، الیاس اور ایک بچےعبداللہ پر پٹرول پھینک کر آگ لگائی، جس کے نتیجے میں وہ جھلس کر زخمی ہو گئے۔
واقعے کے بعد ملزمہ کو شناخت کے بعد گرفتار کیا گیا، جس کی شناخت شیلا عرف شیرنی کے نام سے ہوئی ہے۔ ترجمان کے مطابق ملزمہ منشیات کی عادی بھی ہے۔
پولیس نے ملزمہ کے خلاف تھانہ سبزہ زار میں اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مزید قانونی کارروائی کے لیے اسے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان نے بتایا ہے کہ تینوں متاثرہ افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ محرکات اور دیگر پہلوؤں کا تعین کیا جا سکے۔