انور عباس: پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب جمعہ کے روز سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں منعقد ہوگی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
گفتگو کے دوران سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی مفاہمتی یادداشت کی دستخطی تقریب اور اس کے ممکنہ علاقائی اثرات پر بھی بات چیت کی گئی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس ماہ کے آخر میں ہونے والے ریجنل فورم کے وزرائے خارجہ اجلاس کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔
ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور سفارتی حل کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔