سٹی42: مرگلہ کی پہاڑیوں پر مسلسل بارش کے نتیجہ میں راولپندی شہر کی مرکزی سڑک مری روڈ کے متوازی گنجان آبادیوں سے گزر کے نالہ لئی میں گرنے والا نالہ اپنی اصل حد سے نکل کر قریبی نشیبی گلیوں میں پھیل گیا اور پورے محلے ہی نالہ میں بدل گئے۔
شہر سے گزرنے والے دونوں بڑے نالے اپنی اصل حد سے باہر بہہ رہے ہیں اور ان نالوں کے کناروں پر بیشتر آبادیاں پانی میں غرق ہو چکی ہیں۔
نالہ لئی میں پانی بڑھتا ہے تو مری روڈ کے متوازی گنجان آبادیوں کے درمیان سے گزرنے والا نالہ اپنا پانی لئی میں نہیں ڈال پاتا اور اس نالے کا پانی چوک ہو کر واپس آتا ہے۔ اس دوران پیچھے سے آنے والا مزید پانی نالہ لئی کی طرف سے واپس آنے والے پانی سے ٹکرا کر نالے کی دیواروں کو پھلانگ کر دونوں کناروں پر موجود گلیوں میں پھیلنے لگتا ہے۔ اس سانلے کے کنارے نشیبی آبادیوں میں آٹھ فٹ تک پانی چڑھ جاتا ہے اور سینکڑوں مکانوں کی نچلی منزلیں پوری کی پوری پانی میں غرق ہو جاتی ہیں۔ کم نشیبی آبادیوں میں بھی تین سے پانچ فٹ تک پانی گھروں میں گھس جاتا ہے اور سینکڑوں مکانوں کی نچلی منزلوں پر موجود تمام گھریلو سامان پانی میں ڈوب جاتا ہے۔

آج جمعرات کے روز راولپنڈی شہر کے سینکڑوں مکانوں کی نچلی منزلیں نالوں کے پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔ جن لوگوں نے اپنا گھریو سامان بروقت نشیبی آبادیوں سے محفوظ علاقوں میں یا نچلی منزلوں سے مکانوں کی دوسری منزلوں پر منتقل نہیں کیا ان کا کافی نقصان ہو گیا ہے۔
