اویس کیانی: شہریوں پر پیٹرولیم لیوی کا بوجھ تاریخی سطح تک پہنچ گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق صرف دو برسوں کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں مجموعی طور پر 2 ہزار 590 ارب روپے وصول کیے گئے۔
دستاویزات کے مطابق سال 2025 میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں ریکارڈ ایک ہزار 493 ارب 73 کروڑ روپے جمع کیے گئے، جبکہ سال 2024 میں یہ رقم ایک ہزار 95 ارب 86 کروڑ روپے تھی۔ اس طرح 2025 میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 397 ارب 86 کروڑ روپے زیادہ وصول کیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوری تا مارچ 2025 کے دوران 284 ارب 43 کروڑ روپے، اپریل تا جون 386 ارب 37 کروڑ روپے، جولائی تا ستمبر 371 ارب 61 کروڑ روپے اور اکتوبر تا دسمبر 451 ارب 32 کروڑ روپے پیٹرولیم لیوی کی مد میں وصول کیے گئے۔ اسی طرح جولائی تا دسمبر 2025 کے دوران کلائمٹ سپورٹ لیوی کی مد میں بھی 25 ارب 48 کروڑ روپے الگ سے جمع کیے گئے۔
پیٹرولیم لیوی سے حاصل ہونے والی آمدنی مکمل طور پر وفاقی حکومت کے پاس رہتی ہے جبکہ ایف بی آر کی آمدنی این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو منتقل کی جاتی ہے۔