(شہزاد خان) مرکزی چیئرمین اپٹما عامر فیاض نے کہا کہ ملک بھر میں گیس اور بجلی کی قیمت یکساں کیجائے، ملکی مصنوعات مہنگی ہونے کے باعث ایکسپورٹ میں مزید کمی ہوجائے گی۔
مرکزی چیئرمین اپٹما عامر فیاض نے چیئرمین اپٹما پنجاب علی پرویز ملک، سابق چیئرمین سید علی احسان، پاکستان ہوزری ایسوسی ایشن کے رہنما شہزاد اسلم، پاورلومز اور پراسسنگ ملز کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ عامر فیاض نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں تجارتی خسارہ پندرہ بلین ڈالر سے بڑھ کر بائیس بلین تک جانے کا خدشہ ہے حکومت قرضے لیکر تجارتی خسارہ پورا کرنے کی بجائے زرمبادلہ کمانے والی انڈسٹری پر توجہ دے۔
مرکزی چیئرمین اپٹما نے کہا کہ صنعت پر تین روپے پچاس پیسے کا اضافی سرچارج لگادیا گیا، پاورلومز، ہوزری، پراسسنگ ملز کے رہنماؤں نے کہا کہ ملک بھر میں گیس اور بجلی کا ٹیرف ایک کیا جائے، ملک میں انرجی کی قیمت خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پچاس فیصد زائد ہے۔
اپٹما رہنماؤں نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔