ویب ڈیسک :امریکی کمپنی الیف ایرو ناٹکس نے سائنس فکشن کو حقیقت میں بدلتے ہوئے دنیا کی پہلی اڑنے والی گاڑی کی پروڈکشن کا آغاز کر دیا ہے۔
کمپنی کے مطابق الیف ماڈل اے الٹرا لائٹ نامی یہ جدید گاڑی 2026 کے آغاز میں محدود صارفین کے لیے دستیاب ہوگی۔
الیف ایرو ناٹکس کے چیف ایگزیکٹو جم ڈوخوفنی کا کہنا ہے کہ یہ اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ دنیا کی پہلی فلائنگ کار کی باقاعدہ تیاری شروع ہو چکی ہے، جس کی تکمیل میں چند ماہ لگیں گے۔
یہ گاڑی مکمل طور پر الیکٹرک ہوگی اور ڈیزائن کے لحاظ سے ہالی ووڈ فلم بیک ٹو دی فیوچر میں دکھائی جانے والی گاڑی سے مشابہ ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ گاڑی سڑک پر 200 میل جبکہ فضا میں 110 میل تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
اس کا کیبن خصوصی طور پر اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ پرواز کے دوران ہوا میں توازن برقرار رہے، جبکہ اندرونی نظام ہیلی کاپٹر کی طرح عمودی ٹیک آف اور لینڈنگ میں مدد دیتا ہے۔ اس میں روایتی وِنگز موجود نہیں بلکہ یہ ڈرون کی طرح پروپیلرز کی مدد سے پرواز کرتی ہے۔
یہ فلائنگ کار ایک وقت میں صرف ایک مسافر کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے اور اس میں 90 کلوگرام وزن تک کا فرد سفر کر سکتا ہے۔ اس کی قیمت فی الحال 3 لاکھ امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو ابتدائی طور پر محدود خریداروں کو دستیاب ہوگی۔
خیال رہے کہ اس کمپنی کے پہلے پروٹوٹائپ کی کامیاب آزمائش فروری 2025 میں کی جا چکی ہے۔