"مکس اچار پارٹی کا پہلا جلسہ آج بری طرح فلاپ ہوگا"

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(قذافی بٹ) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہےکہ گیارہ مصالحوں پر مشتمل مکس اچار پارٹی کا پہلا جلسہ آج بری طرح فلاپ ہوگا۔

 وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے پی ڈی ایم کے گوجرانوالہ جلسے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بارہ مصالحوں والی چاٹ تو سب نے سنی تھی، 11 مصالحوں والی مکس اچار پارٹی پہلی دفعہ دیکھ رہے ہیں، ان انتہائی تیکھے اور زہریلے مصالحوں نے پاکستانی معیشت کے معدے کو السر زدہ کر دیا تھا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عوام اور ان پارٹیوں کے کارکنان جھوٹ سچ میں فرق کرنا اچھی طرح جانتے ہیں، عوام ان پارٹیوں کے لیڈروں کی کھربوں ڈالرز کی کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف آنے والے عدالتی فیصلوں پر انہیں کندھا فراہم نہیں کریں گے۔

وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ عوام کی جانب سے گوجرانوالہ جلسے میں دلچسپی نہ ہونے کے برابر ہے، ماضی میں یہ پارٹیاں دو دن کے نوٹس پر موچی دروازے، لیاقت باغ اور نشتر پارک میں لاکھوں کا مجمع اکٹھا کرتی تھیں، آج یہ صورتحال ہے کہ چند ہزار افراد اکٹھے کرنے میں بھی انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی تعمیر و ترقی اورمعیشت کی بحالی کا سفر جاری رہے گا۔
گزشتہ روز وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا تھا کہ اپوزیشن کے نااہل نواز شریف، ممکنہ نااہل شہباز شریف اور بیگم صفدر اعوان کو بچانے کے تمام حربے بیکار جائیں گے، آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن عوام اور احتسابی اداروں سے قانون کے تازیانے کھانے کیلئے تیار رہیں۔

واضح رہےکہ پی ڈی ایم کے بینر تلے اپوزیشن جماعتوں کا آج گوجرانوالہ میں پہلا جلسہ ہو رہا ہے جو دوپہر تین بجے شروع ہوگا اور رات بارہ بجے ختم ہوگا،مولانافضل الرحمان اورمریم نواز ،بلاول بھٹو اور دیگر مرکزی قائدین خطاب کریں گے، میاں نواز شریف کا ویڈیو لنک خطاب بھی متوقع ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer