ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پنجاب کا ریونیو ہدف 1229 ارب روپے مقرر، ٹیکس وصولیوں میں بڑا اضافہ متوقع

پنجاب کا ریونیو ہدف 1229 ارب روپے مقرر، ٹیکس وصولیوں میں بڑا اضافہ متوقع
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی رامے: حکومت پنجاب نے آئندہ مالی سال کے دوران محصولات اور دیگر ذرائع سے آمدن بڑھانے کے لیے بڑے اہداف مقرر کر دیے ہیں، جبکہ صوبائی آمدن کا مجموعی ہدف 1229 ارب روپے رکھنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق صوبائی محاصل کی مد میں 748 ارب روپے حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جو رواں مالی سال کے نظرثانی شدہ تخمینوں کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔

دستاویزات کے مطابق پنجاب ریونیو اتھارٹی کو 370 ارب روپے کے مقابلے میں 528 ارب روپے وصول کرنے کا ہدف دیا گیا ہے، جبکہ بورڈ آف ریونیو کی آمدن 70 ارب روپے سے بڑھا کر 86.2 ارب روپے تک لے جانے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

اسی طرح ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے لیے 124 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ رواں سال اس مد میں 77.2 ارب روپے آمدن کا تخمینہ تھا حکومت نے دیگر صوبائی محصولات کی مد میں 10 ارب روپے جبکہ کیش مینجمنٹ فنڈ سے 80 ارب روپے حاصل کرنے کا ہدف بھی مقرر کیا ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق غیر صوبائی محاصل سے بھی بھاری آمدن متوقع ہے، جس کے لیے 441 ارب روپے تک وصولیوں کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

حکومت پنجاب کا مؤقف ہے کہ محصولات میں اضافے سے ترقیاتی منصوبوں، عوامی خدمات اور مالیاتی استحکام کے لیے درکار وسائل مہیا کیے جا سکیں گے، جبکہ محاصل کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔