پلازمہ کی فروخت شرعاً درست ہے یا نہیں، اہم فتویٰ آگیا

پلازمہ کی فروخت شرعاً درست ہے یا نہیں، اہم فتویٰ آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان علماء کونسل اور دارالافتاء پاکستان نے کورونا وائرس سے صحت مند ہونے والے افراد کو پلازمہ عطیہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پلازمہ کی فروخت شرعاً درست نہیں ہے اور اس طرح کا عمل کرنے والا قانونی اور شرعی مجرم ہو گا۔

پلازمہ سے متعلق پاکستان علماء کونسل کا فتویٰ

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد و المدارس کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی  اور دیگر علماء و مفتیان اور مشائخ عظام نے ایک فتویٰ میں کہا کہ کورونا کی وبا کی وجہ سے انسانیت ابتلا اور آزمائش میں ہے ، اس آزمائش اور ابتلا میں انسانیت کی خدمت کرنے والا اللہ کریم کے ہاں اجر و ثواب کا مستحق ہو گا، اسلام انسانیت کی بقاء اور سلامتی کا دین ہے اور کسی ایک فرد کی جان بچانا پوری انسانیت کی جان بچانے کے مترادف ہے۔

فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ کورونا کی وبا کی وجہ سے سعودی عرب کی حکومت کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ حج کے سلسلہ میں مناسب اور شریعت کے مطابق فیصلہ کرے ، اگر حج میں وبا پھیلنے کے خدشات موجود ہیں تو حج کی عددی تعداد کو مختصر کیا جا سکتا ہے تا کہ مسلمان اس اذیت و تکلیف سے دور رہیں۔

پلازمہ کیا ہے؟

پلازمہ دراصل خون کا ایک شفاف حصہ ہوتا ہے جو خونی خلیے کو علیحدہ کرنے پر حاصل ہوتا ہے، پلازمہ میں اینٹی باڈیز اور دیگر پروٹین شامل ہوتے ہیں، پلازمہ کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے شخص کے خون سے حاصل کیا جاتا ہے اور پھر اس کو  تشویشناک حالت کے مریض میں منتقل کیا جاتا ہے۔

کورونا کو شکست دینے والے مریض کنتی بار پلازمہ عطیہ کرسکتے ہیں؟

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز کے اسپیشلٹ ڈاکٹر طاہر شمسی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کورونا کوشکست دینے والے افراد ہر ہفتے اپناپلازمہ عطیہ کرسکتے ہیں، پلازمہ دینے والے شخص کو کسی قسم کا سائیڈ افیکٹ نہیں ہوسکتا ہے ،مزید بہتری آتی ہے۔

پلازمہ عطیہ کرنے کیلئے ہیلپ لائن قائم

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی  نےعالمگیر وبا کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لیے پلازمہ عطیہ کرنے کے لیے ہیلپ لائن قائم کردی، این ڈی ایم اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ کوروناوائرس سے متاثرہ صحت یاب ہونے والے افراد اپنا پلازمہ عطیہ کرنے کےلئے ہیلپ لائن نمبر 03041110161 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ ہیلپ لائن چوبیس گھنٹے فعال رہے گی۔

پاکستان میں کورونا کی صورتحال

  واضح رہے کہ  پاکستان پر کورونا قہر بن کر ٹوٹ پڑا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوروان ملک بھر میں کورونا کے متاثرہ مزید 96 مریض چل بسے جس کے بعد جاں بحق افراد کی  تعداد 2729 ہوگئی جبکہ ایک ہی دن میں کورونا کے 5248 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار 478 تک جا پہنچی۔

20 شہر ہاٹ سپاٹ قرار

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے ملک بھر سے کورونا ہاٹ سپاٹ 20 شہروں کے مقامات کی نشاندہی کر دی، (این سی او سی) نے سمارٹ لاک ڈاؤن حکمت عملی کے تحت ملک بھر کے 20 مقامات کو مکمل بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer