زاہد چودھری:ایم ڈی کیٹ امتحان میں امیدواروں کو سوالنامہ اپنے ساتھ لے جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
متعلقہ حکام کی جانب سے چاروں صوبوں میں ایم ڈی کیٹ امتحان منعقد کرنے والی یونیورسٹیوں کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ امتحان مکمل ہونے کے بعد کسی بھی امیدوار کو سوالنامہ پیپر اپنے ساتھ لے جانے کی اجازت نہ دی جائے۔
مراسلے کے مطابق ایم ڈی کیٹ کے کسی بھی امیدوار کو امتحانی مرکز سے سوالنامہ باہر لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ امتحانی عملہ اس امر کو یقینی بنائے گا کہ سوالنامے امتحان کے بعد امیدواروں سے واپس لے لیے جائیں۔
واضح رہے کہ 2017 سے ایم ڈی کیٹ امتحان کے امیدواروں کو سوالنامہ اپنے ساتھ لے جانے کی اجازت تھی۔ امیدوار سوالنامہ اور اپنی جوابی کاپی کی نقل کی مدد سے امتحان کے بعد اپنے جوابات کا موازنہ کرتے اور خود اپنا متوقع رزلٹ مرتب کرتے تھے۔
نئے فیصلے کے بعد امیدوار امتحان کے بعد سوالنامہ اپنے ساتھ نہیں لے جا سکیں گے، جس کے باعث امتحانی عمل اور نتائج سے متعلق طریقہ کار میں اہم تبدیلی آئے گی۔