فاران یامین:شہر بھر میں موبائل سنیچرز اور موٹر سائیکل چوروں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ہربنس پورہ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے موبائل سنیچنگ اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث 3 رکنی گینگ کو گرفتار کرلیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ چاند جبکہ دیگر ملزمان میں یوسف مسیح اور جمیل شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں موبائل فون چھینتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 7 موبائل فونز، 2 موٹر سائیکلیں، ماسٹر چابیاں اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے بغیر لاک موٹر سائیکلیں چوری کرنے اور موبائل سنیچنگ کی متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش کے لیے انہیں انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان سے دیگر وارداتوں کے حوالے سے بھی تفتیش جاری ہے۔