موٹروے زیادتی کیس، ملزم شفقت جسمانی ریمانڈ پر جیل منتقل

موٹروے زیادتی کیس، ملزم شفقت جسمانی ریمانڈ پر جیل منتقل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی42)انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے موٹروے زیادتی کیس کے ملزم شفقت کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ  پر جیل بھیج دیا۔

پولیس نے انتہائی سخت سکیورٹی میں موٹر وے زیادتی  کیس کے ملزم شفقت کو  چہرے پر کالا کپڑاپہنا کر انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں جج ارشد حسین بھٹہ کی عدالت میں پیش کیا جہاں تفتیشی افسر نے عدالت سے ملزم کے 14روزہ ریمانڈ کی درخواست کی۔ سرکاری وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ موٹروے کیس کے ملزم شفقت نے اعتراف جرم کر لیاہے اور اس کی نشاندہی پر دیگر ملزمان کو ابھی گرفتار کرنا باقی ہے ، مرکزی ملزم بھی ابھی گرفتار نہیں ہواہے جس کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار ے جارہے ہیں ، ملزم سے مزید تفتیش کیلئے 14روز کا ریمانڈ دیا جائے ۔ جج نے ملزم سے استفسار کیا کہ کچھ کہنا چاہتے ہو جس پر ملزم نے کہا کہ مجھے معاف کردیا جائے۔

عدالت نے  وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ملزم شفقت کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر  جیل بھیج دیا اور ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر اپنی رپورٹ پیش کریں اور دیگر ملزمان کی گرفتاری سے متعلق بھی آگاہ کریں۔

واضح رہےکہ 9 نومبر کی رات لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹر وے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا  تھا، دو افراد نے موٹر وے پہ ایک گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور ان کے بچوں کو باہر نکالا جس کے بعد انہیں قریبی جھاڑیوں میں لے جا کر خاتون کو بچوں کے سامنے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا،متاثرہ خاتون کے عزیز سردار شہزاد کی مدعیت میں ابتداً 376 اور 392 کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا،زیادتی کیس میں اب تک تین افراد گرفتار ہوچکے ہیں جن میں سے ایک شفقت  دوسرا وقار الحسن اور تیسرامرکزی ملزم عابد کا شریک جرم اقبال ہے تاہم مرکزی ملزم عابد تاحال فرار ہے، وقار الحسن نے صحت جرم ماننے سے انکار کردیا۔ 

 

 

 

Sughra Afzal

Content Writer