اشتیاق ربانی:شکرگڑھ کے گاؤں لنگہ بھٹیاں میں واقع ایک نجی سکول میں کرنٹ لگنے سے کمسن طالبہ جاں بحق ہو گئی, جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سکول کے پرنسپل اور مالک کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق کمسن طالبہ عمائمہ سکول میں بجلی کے کام کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئی۔ واقعے کے بعد تھانہ نورکوٹ پولیس نے محکمہ ایجوکیشن آفیسر اصغر خان کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا، جس میں لاپرواہی اور غفلت کو بچی کی ہلاکت کی وجہ قرار دیا گیا ہے ،ڈی پی او ملک نوید کا کہناق تھا کہ سکول مالک کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کی جا سکے۔
واقعے کے بعد طالبہ کی نعش ضروری کارروائی کیلئے تحصیل ہسپتال منتقل کر دی گئی، جہاں پوسٹمارٹم کے بعد میت ورثا کے حوالے کی جائے گی۔