علی ساہی:عبدالکریم نے جمعہ المبارک کے موقع پر صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے پولیس فورس کو سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں، مارکیٹوں، کاروباری مراکز اور دیگر حساس مقامات کی سکیورٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے جبکہ عبادت گاہوں اور اہم مقامات کے اطراف پولیس پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے۔
عبدالکریم نے تمام ڈی پی اوز اور سینئر پولیس افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے اور سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور مساجد اور حساس مقامات کے گرد سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں جبکہ سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے عبادت گاہوں کی مسلسل مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سینئر افسران مساجد کے ذریعے شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر سنیں اور فوری حل کیلئے اقدامات کریں تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔