ویب ڈیسک: پاکستانی سیاسی خاندان سے وابستہ لیکن سیاست سے کوسوں دور رہنے والی ذوالفقار علی بھٹو کی پوتی، مرتضیٰ بھٹو کی صاحبزادی فاطمہ بھٹو نے سیاسی خاندان کے سپوت ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
مختلف سماجی رابطوں کی ویب سائٹس انسٹاگرام اور ایکس پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے انہوں نے اپنے بھائی کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کیا ہے۔فاطمہ بھٹو نے سوشل میڈیا پر جاری ہونے والے بھائی کے پیغام کو ری شیئر کیا ہے۔
انہوں نے بھائی کے پیغام کو ری شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میرے بھائی ذوالفقار علی بھٹو جونیئر زندگی میں جو بھی راستہ اختیار کریں، انہیں میری مکمل حمایت حاصل ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ میں ہمیشہ ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کے ساتھ کھڑی رہوں گی۔

واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید کے پوتے ، مرتضیٰ بھٹو کے بیٹے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے سیاست میں قدم رکھنے کی تصدیق کے بعد اپنے پہلے بیان میں واضح کیا ہے کہ میں اپنے والد شہید میر مرتضیٰ بھٹو کی میراث کو آگے لے کر چلوں گا تاہم میرے پاس والد کی سیاسی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو میں کوئی عہدہ یا رکنیت نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ مجھے سیاست کا تجربہ نہیں اور ابھی میں پاکستانی عوام سے سیاست سیکھ رہا ہوں اور ان کے مسائل سن رہا ہوں، جو بہت ضروری ہے۔
سیاسی خاندان کے سپوت ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے اپنے بیان میں پاکستان کے جغرافیے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور یہ بھی کہا کہ میرا راستہ میرا اپنا ہے، لیکن کچھ لوگ میرا نام استعمال کر کے سیاست کر رہے ہیں۔
انہوں نے نیک خواہشت اور دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے یہ بھی واضح کر دیا ہے کہ جو بیان یا تبصرے ان کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری ہوں صرف ان ہی پر یقین کیا جائے، دیگر کسی ذرائع سے آنے والی معلومات یا بیانات سے ان کا کوئی تعلق نہیں اور نہ وہ ان کے ذمے دار ہیں۔