"عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ مبارکباد کے مستحق ہیں"

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( علی اکبر ) صوبائی وزیر قانون کہتے ہیں پنجاب حکومت نے بجٹ میں محروم اور کاروباری طبقہ، جنوبی پنجاب اور سوشل سیکٹر سمیت عام آدمی کی بہبود کو ترجیح دی ہے۔

صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر راجہ بشارت نے پنجاب کے آئندہ سال کے بجٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے محروم اور کاروباری طبقہ، جنوبی پنجاب اور سوشل سیکٹر سمیت عام آدمی کی بہبود کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی مشکل حالات میں عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعلیٰ سردارعثمان بزدار اور پنجاب حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

 صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ سوشل سیکٹر کی ترقی کے لیے پونے 78 ارب روپے سے زائد رقم رکھی گئی ہے جس سے غریب اور عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔ راجہ بشارت نے کہا کہ لاہور میں پی ٹی آئی کے خصوصی منصوبہ کی کامیابی کے بعد ہر ڈویژن میں پناہ گاہیں قائم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور و راولپنڈی میں خواتین کے لیے انسداد تشدد مراکز اور معذوروں کے لیے فیصل آباد اور بہاولپور میں بحالی مراکز کی تعمیر بھی اس بجٹ کے اہم نکات میں شامل ہے۔ وزیر قانون نے کہا کہ راولپنڈی کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے 9 ارب کی لاگت سے سیف سٹی پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جبکہ نئے بجٹ میں راولپنڈی رنگ روڈ کا منصوبہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے عوام کے لیے ایک اور نوید لایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کے فنڈز مختص کرکے پی ٹی آئی نے اپنے وعدے پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ اسی سال یکم جولائی سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کام شروع کر دے گا جس سے یہاں کے عوام کی محرومیوں کے ازالے میں مدد ملے گی۔