بسیم افتخار: ملک بھر میں چینی کی قیمتیں ایک بار پھر عوام کے لیے شدید پریشانی کا باعث بن گئی ہیں۔ کراچی سمیت کئی شہروں میں چینی کی فی کلو قیمت نے 200 روپے کا ہندسہ عبور کر لیا ہے جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں قیمتیں 180 سے 195 روپے فی کلو تک جا پہنچی ہیں۔
کراچی میں چینی کی قیمت نے ڈبل سنچری مکمل کر لی ہے۔ مقامی دکانداروں کے مطابق ریٹ روز بروز بڑھ رہے ہیں اور حکومتی کنٹرول کہیں نظر نہیں آ رہا۔فیصل آباد میں بھی چینی کی فی کلو قیمت 180 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ انہیں مہنگی چینی مل رہی ہے، ایسے میں سستے داموں فروخت ممکن نہیں۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ ایک سے دو تھیلوں کے سوا چینی نہیں مل رہی۔
ملتان میں صورتِ حال اور بھی تشویشناک ہے۔ سرکاری نرخ کے مطابق چینی 90 روپے فی کلو ہونی چاہیے لیکن اوپن مارکیٹ میں یہی چینی 190 سے 200 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ ہول سیل مارکیٹ میں بھی چینی 180 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔
مہنگائی کے مارے عوام کا کہنا ہے کہ چینی سمیت پیٹرول، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بنیادی ضروریاتِ زندگی کا حصول مشکل ہو گیا ہے۔
دکانداروں نے بھی شکایات کے انبار لگا دیے ہیں۔ ان کے مطابق مہنگی خرید کر سستی بیچنا ہمارے بس کی بات نہیں ہے۔