مال روڈ (عرفان ملک) لاہور کی تاریخی شاہراہ مال روڈ کو سگنل فری بنانے کا فیصلہ، منصوبے کی فزیبلیٹی رپورٹ ضلعی انتظامیہ کو بھجوا دی گئی۔ سی ٹی او نے کہا ہے کہ سگنل فری منصوبے سے مال روڈ پر ٹریفک مسائل کا ازالہ کیا جا سکے گا۔
ذرائع کے مطابق مال روڈ سگنل فری منصوبے کے حوالے سے ابتدائی ورکنگ کا آغاز ہو چکا ہے، ٹریفک پولیس کی فزیبیلٹی رپورٹ کے بعد متعلقہ اداروں نے اس پر ورکنگ شروع کر دی، ٹیپا اور ضلعی انتظامیہ کی رپورٹس کے بعد مال روڈ سگنل فری منصوبے پر کام کا آغاز کیا جائے گا۔
سی ٹی او منتظر مہدی کا کہنا ہے کہ سگنل فری پراجیکٹ کے لیے مال روڈ پر چار یو ٹرن بنائے جائیں گے، مال روڈ کو کراس کرنے والے چوک مکمل بند کر دیئے جائیں گے۔ شہری یوٹرن لے کر مال روڈ کراس کر سکیں گے، ہائی کورٹ چوک سے گورنر ہاؤس تک کی سروس لین کو بھی ٹریفک کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔
واضح رہے کہ مال روڈ لاہور کی تاریخی و ثقافتی اہمیت یہاں واقع کئی عمارات ہیں جو مغل طرز تعمیر کا نمونہ ہیں، یہاں برطانوی سامراجی دور میں تعمیر شدہ عمارات بھی ہیں جو برطانوی دور میں تعمیر کی گئی تھیں اور اب بھی استعمال میں ہیں، دو مختلف ادوار کی یادگاروں سے مزین یہ شاہراہ بلاشبہ تاریخ کی گواہ ہے، مال روڈ پر عجائب گھر، لاہور چڑیا گھر، پنجاب صوبائی اسمبلی، قربان لائنز (پولیس)، ایچیسن کالج واقع ہے.