بھارتی پنجابی فلم "چل میرا پت" کا ٹریلر ریلیز

بھارتی پنجابی فلم

( زین مدنی ) پاکستانی کامیڈینز افتخار ٹھاکر ، ناصر چنیوٹی اور اکرم اداس کی بھارتی کامیڈی پنجابی فلم ’’چل میرا پت‘‘ کا پہلا ٹریلر ریلیز ہوگیا، کامیڈی سے بھرپور فلم میں پاکستانی اور بھارتیوں کے لندن میں روزگار کے حوالے سے مسائل نمایاں کئے گئے۔

بھارت کے ساتھ پاکستان کے جیسے بھی تعلقات ہوں لیکن بھارتی فلموں میں پاکستانی ٹیلنٹڈ فنکاروں کو سائن کرنا تاحال جاری ہے اور ایسے ہی بھارتی پنجابی فلم ’’چل میرا پت‘‘میں معروف لالی وڈ فنکار اداکار افتخار ٹھاکر ، اکرام اداس اور ناصر چنیوٹی نے کام کیا ہے۔ اس فلم کا پہلا باقاعدہ ٹریلر ریلیز ہوگیا ہے، فلم 26 جولائی کو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔

فلم کامیڈی سے بھرپور ہے اور اس کی کہانی میں دکھایا گیا ہے کہ پاکستانی اور بھارتی کیسے لندن کا ویزا حاصل کرکے وہاں پہنچتے ہیں اور وہاں ان کو روزگار کےحوالے سے کیا مسائل ہوتے ہیں۔ فلم کا مرکزی کردار اداکار امریندر گل نے ادا کیا ہے جبکہ فلم کو پاکستان میں ریلیز کرنے کے لئے ڈسٹری بیوٹرز سر توڑ کوششیں کررہے ہیں۔