سٹی 42 : وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ قطر ایک اہم ملک ہے اور اس کا خطے میں کلیدی کردار ہے، پاکستان قطر کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
وزارت دفاع کے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے قطر کے ملٹری اتاشی بریگیڈیئر جنرل عبدالہادی محمد ارحیب الحاجری کی ملاقات ہوئی۔ قطری ملٹری اتاشی نے باہمی دفاعی شعبے میں تعاون کے موجودہ دائرہ کار پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
وزیر دفاع نے کہا کہ قطر کے ساتھ ہمارے تعلقات باہمی احترام اور دوطرفہ تعاون پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفاع، فوجی مشقوں سمیت تربیت اور مشترکہ منصوبوں کیلئے باہمی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ ہمارے عسکری ادارے قطری مسلح افواج کے لئے بہترین تربیتی سہولیات سے استفادے کے لیے کھلے ہیں۔