ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

افسران ہو جائیں ہوشیار!حاضری کا نیا ڈیجیٹل نظام نافذ

افسران ہو جائیں ہوشیار!حاضری کا نیا ڈیجیٹل نظام نافذ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ویب ڈیسک :وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر میں جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ان کی بروقت تکمیل کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ افسران کی فیلڈ میں موجودگی جانچنے کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا نظام متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت لائیو لوکیشن پر مبنی حاضری کا نظام نافذ کیا جائے گا، تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ متعلقہ افسران ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے موقع پر موجود ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کو جون سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی افسران فیلڈ میں رہ کر منصوبوں پر اعلیٰ معیار کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو افسران 10 دن سے زائد فیلڈ سے غیر حاضر پائے گئے، ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس موقع پر میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ نظام کے ذریعے حکومتی کارکردگی کو مزید مؤثر اور جوابدہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ فیلڈ میں افسران کی موجودگی عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ناگزیر ہے۔ غفلت یا تاخیر کے مرتکب افسران کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی وسائل کے مؤثر استعمال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور صوبے کی ترقی کے لیے سخت نگرانی اور مؤثر مانیٹرنگ نظام ناگزیر ہے۔

اجلاس میں مختلف محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور اپنے اپنے شعبوں میں جاری منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔