ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کا ڈرگ کورٹ لاہور کا اچانک دورہ، بے ضابطگیوں پر کارروائی کا حکم 

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کا ڈرگ کورٹ لاہور کا اچانک دورہ، بے ضابطگیوں پر کارروائی کا حکم 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملک اشرف: پراسیکیوٹر جنرل پنجاب چوہدری عرفان صادق تارڑ نے ڈرگ کورٹ لاہور کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیرِ سماعت مقدمات، عدالتی ریکارڈ اور پراسیکیوشن کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورانِ معائنہ مختلف مقدمات کے ریکارڈ کی پڑتال کے دوران متعدد قانونی و انتظامی بے ضابطگیاں اور خامیاں سامنے آئیں۔ پراسیکیوٹر جنرل نے بے ضابطگیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ذمہ دار افسران اور اہلکاروں کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کے احکامات جاری کیے۔

چوہدری عرفان صادق تارڑ نے ڈرگ کورٹ میں تعینات پراسیکیوٹرز کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔ بعض مقدمات میں ناقص تیاری اور کمزور کارکردگی پر پراسیکیوٹرز کی سرزنش کرتے ہوئے ہدایت کی کہ زیرِ سماعت مقدمات کی مکمل تیاری اور ہر کیس کی مؤثر، میرٹ پر اور قانون کے مطابق پیروی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے مقدمات کے ریکارڈ کی مکمل پڑتال اور قانونی نکات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت بھی کی۔

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے کہا کہ غیر معیاری اور جعلی ادویات کے مکروہ دھندے کو ہر صورت ختم کیا جائے گا۔ بیماری اور مشکلات کا شکار غریب اور نادار مریضوں کی جان سے کھیلنے والوں کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے معاملے میں غفلت، ناقص تفتیش یا کمزور پراسیکیوشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ متعلقہ افسران مقدمات کی مؤثر پیروی، ریکارڈ کی مکمل جانچ اور قانون کے مطابق بروقت کارروائی یقینی بنائیں۔

چوہدری عرفان صادق تارڑ نے مزید ہدایت کی کہ ڈرگ ایکٹ اور متعلقہ قوانین کے تحت درج مقدمات میں پراسیکیوشن کا معیار بہتر بنایا جائے اور عدالتوں میں زیرِ سماعت کیسز کو میرٹ پر مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ صحتِ عامہ اور انسانی جانوں سے متعلق جرائم میں غفلت یا مصلحت کی کوئی گنجائش نہیں، قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔

پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کے اچانک دورے کا مقصد ڈرگ کورٹ میں مقدمات کی مؤثر پیروی، پراسیکیوشن کے معیار، عدالتی ریکارڈ اور متعلقہ انتظامی امور کی نگرانی کو مزید مؤثر بنانا تھا۔