عرفان ملک:لاہور پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال منشیات فروشی کے خلاف کارروائیوں کے دوران 5 ہزار 486 ملزمان کو گرفتار کرکے 5 ہزار 293 مقدمات درج کیے گئے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 ہزار کلو چرس، 621 کلو آئس اور 104 کلو ہیروئن برآمد کی گئی، جبکہ کارروائیوں کے دوران 410 کلو بھنگ، 50 کلو افیون اور 22 ہزار لیٹر سے زائد شراب بھی قبضے میں لی گئی۔
سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
سی سی پی او لاہور نے منشیات کی آن لائن خرید و فروخت کے ذرائع پر بھی کڑی نظر رکھنے اور منشیات کی سپلائی چین میں ملوث عناصر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔