(عظمت مجید،درنایاب) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے 2900 نرسز کو ایک سال میں ٹریننگ دینے کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں نے پوچھا کہ کتنی نرسز کو باہر بھیجا جارہا ہے پتہ چلا کہ نرسز کو باہر نہیں بھیجا جاتا، ہم نے این او سی دیا جس کے تحت نرسز باہر جارہی ہیں، ہم اپنی نرسز کو سپورٹ کریں گے اگر وہ باہر جانا چاہتی ہیں تاکہ وہ دوسرے ملکوں میں جا کر پاکستان کا نام روشن کریں،نرسز کے باہر جانے میں حائل تمام رکاوٹیں دور کرادیں۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کا انڈس ہسپتال ملتان میں اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پی کے ایل آئی میں بھی نرسز کالج کا آغاز کر رہے ہیں، نرسز کے ہاسٹل کے حالات کافی خراب ہیں ، مجھے امید ہے 3 ماہ میں آپ کے ہاسٹل بہتر ہوجائیں گے، ہماری نرسز کی ڈیمانڈ پوری دنیا میں ہے، عربی اور انگلش لازمی سکھیں ،اس سے بیرون ملک آپ کو فائدہ ہوگا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ سیکرٹری ہیلتھ اور منسٹر ہیلتھ سے درخواست ہے نرسز کی تعداد بڑھائیں، ایک لاکھ تک نرسز کی تعداد لے کر جانا میری خواہش ہے۔
دوسری جانب نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نےفاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف مدر اینڈ چائلڈاور گنگا رام ہسپتال کا اڑھائی گھنٹے تک طویل دورہ کیا،وزیراعلی محسن نقوی مریضوں اورتیمارداروں کی شکایات اور نئی عمارت میں نقائص دیکھ کر شدید برہم ہوگئے،ایم ایس ہسپتال،پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ایکسین کی سرزنش کی گئی،تینوں کو سخت وارننگ دی۔