ملک اشرف : منشیات کے مقدمے میں عمر قید کی سزا پانیوالے میاں بیوی کی اپیل خارج ، لاہور ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
دو رکنی بینچ جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیاء باجوہ نے مجرمان عرفان علی اور اس کی اہلیہ عاصمہ بی بی کی اپیل پر سماعت کے بعد فیصلہ سنایا۔ریکارڈ کے مطابق مجرمان سے 65 کلو گرام چرس برآمد ہوئی تھی، اور ان کیخلاف 2021ء میں تھانہ فیروز والا میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل عبدالصمد نے اپیل کی مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ نے گواہان کے بیانات، فرانزک شواہد اور دیگر ٹھوس ثبوتوں کی بنیاد پر سزا سنائی ۔ وکیل صفائی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مجرمان کو بدنیتی کے تحت جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا، پولیس نے اپنی کارکردگی ظاہر کرنے کیلئے جعلی کیس بنایا۔عدالت نے وکلائے صفائی کے دلائل مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ قانون اور شواہد کے عین مطابق ہے۔