ویب ڈیسک: سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں موسم کی غیر یقینی صورتحال نے زندگی کے معمولات کو متاثر کر دیا ہے، جہاں تیز ہواؤں، بارشوں اور ژالہ باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے متعدد علاقوں میں زرد اور نارنجی الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریاض میں تیز ہوائیں 40 سے 49 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جس کے باعث افقی دید انتہائی متاثر ہوئی ہے، گردوغبار کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ٹریفک پولیس نے ڈرائیورز کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
مکہ مکرمہ ریجن کے مختلف حصوں خصوصاً طائف، أضم اور بنی یزید میں ہلکی سے درمیانی بارشوں کے ساتھ گرج چمک کا سلسلہ جاری ہے جو محکمہ موسمیات کے مطابق رات آٹھ بجے تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں بعض مقامات پر بجلی چمکنے اور بادل گرجنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
اسی طرح مشرقی ریجن میں حفر الباطن سمیت کئی اضلاع کے لیے زرد اور نارنجی الرٹ جاری کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق تیز ہواؤں اور درمیانی بارشوں سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ محکمے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی اپڈیٹس پر نظر رکھیں۔
ادھر عسیر ریجن کے شہروں ابہا اور خمیس مشیط میں ہلکی و درمیانی بارشوں کے ساتھ تیز ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ الباحہ میں بھی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ شہری دفاع کے ادارے نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ نشیبی مقامات، وادیوں اور برساتی نالوں سے دور رہیں کیونکہ بارش کے باعث اچانک پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ موسمی تبدیلیاں خطے میں موجود غیر معمولی فضائی دباؤ کے نتیجے میں رونما ہو رہی ہیں اور آئندہ 24 گھنٹوں تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔