(علی ساہی)محکمہ ایکسائز کی ناقص حکمت عملی، دو دن میں گاڑیوں کی فائلیں اور کارڈز مالکان تک پہنچانے کا دعوی چھ چھ ماہ میں بھی پورا نہ ہوا، ڈی جی ایکسائزنےبروقت ڈلیوری نہ کرنےکاملبہ اپنےسرسے اتارنےکیلئےپوسٹ آفس کوناقص کارکردگی کا 15نقاطی مراسلہ بھجوا دیا۔
شہریوں کی گاڑیوں کی قیمتی فائلیں، نمبرپلیٹس اور رجسٹریشن کارڈز مالکان تک نہ پہنچائے جاسکے ہیں، ڈی جی ایکسائزآصف طفیل نےناقص ڈلیوری کا تمام ملبہ پوسٹ آفس پر ڈالتےہوئےپوسٹ آفس کو ناقص کارکردگی کا مراسلہ بھجوا دیا ہے۔مراسلےمیں لکھاہے کہ پوسٹ آفس کو 23لاکھ فائلیں،کارڈز اور نمبرپلیٹس بک کروائی گئیں،9 لاکھ کارڈز،فائلیں اور پلیٹس مالکان تک نہ پہنچائی گئیں،دو لاکھ پانچ ہزار فائلوں،کارڈز اور پلیٹس کا ڈیٹا ہی موجود نہیں ہے۔
معاہدے کے مطابق ایس ایم ایس سروس ابھی تک مکمل طور پر فعال نہیں ہوئی،کاغذات کی واپسی کی وجوہات اور ریکارڈ فراہم نہیں کیا جاسکا،3دفعہ مالکان تک رسائی کےباوجود ایڈریس نہ ملنے کاکوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا،ایکسائز آفس میں پوسٹ آفس کی جانب سے سامان اوردفاتر قائم کرنے کےمعاہدے پرعملدرآمد نہیں کروایا گیا،سامان پیک کرنے کے لئے بیگ اور لفافے بروقت فراہم نہیں کئے جارہے۔معاہدے کے حوالے سے پوسٹ آفس کی جانب سے ابھی تک ایس او پیز جمع نہیں کروائے گئے،اس سے قبل بھی پوسٹ آفس کو ناقص کارکردگی کا مراسلہ بھجوایا جاچکا ہے۔