شہزاد خان:اوکاڑہ میں ضلعی حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں، جن کے دوران 7 گوداموں سے ذخیرہ کی گئی 16 ہزار گندم کی بوریاں برآمد کر لی گئیں۔
ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کے بعد تمام گوداموں کو سیل کر دیا جبکہ برآمد کی گئی گندم حکومتی گوداموں میں منتقل کر دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا ہے کہ کسی کو بھی حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے اور ناجائز منافع خوری کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔
ڈی سی کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایات کی روشنی میں آٹے اور گندم کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف صوبہ بھر میں سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ضلعی حکومت کا کہنا ہے کہ عوام کو سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔