عابد چودھری: سول لائنز ڈویژن پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے ہزاروں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لی۔
پولیس ترجمان کے مطابق مغلپورہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم فہد کو سہواڑی اسٹاپ کے قریب سے گرفتار کیا۔ دوسری جانب گڑھی شاہو پولیس نے دوران چیکنگ ملزم اختر کو گوندی پیر قبرستان کے علاقے سے حراست میں لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کے قبضے سے منشیات برآمد ہوئی ہے، جسے قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان اپنے علاقوں اور گرد و نواح میں گھوم پھر کر منشیات فروخت کرتے تھے اور مختلف افراد کو سپلائی میں ملوث تھے۔
پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جا رہی ہیں اور معاشرے کو اس ناسور سے پاک کرنے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے۔